ابنا: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے پشاور دھماکے پر صوبائی حکومت کی تاحال خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جامع مسجد و مدرسہ شہید عارف حسین الحسینی پر حملے کے ملزمان کی گرفتاری میں تاحال کسی قسم کی پیش رفت نہ ہونے کی مذمت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ عارف حسین واحدی نے پشاور میں مدرسہ سید عارف حسین الحسینی کے دورے کے دروان صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، ایس یو سی خیبر پختونخواہ کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر، ایس یو سی ضلع پشاور کے صدر مجاہد علی اکبر اور ضلع ہنگو کے صدر علامہ حمید امامی بھی موجود تھے۔ علامہ عارف حسین واحد ی نے کہا کہ ایک ماہ میں پشاور کی ملتِ جعفریہ کے خلاف صوبائی دارلحکومت پشاور میں یہ دوسرا بڑا سانحہ ہے مگر صوبائی حکومت کو اپنی عوام کو تحفظ دینا تو درکنار دہشت گردی سے متاثرہ عوام کے غم میں شریک ہونے کے بھی توفیق حاصل نہیں ہوئی۔ اُنہوں نے کہا کہ مقام افسوس ہے کہ عدل و انصاف کے بلند و بانگ دعوے کرنے والی حکومت کے وزیر اعلیٰ کے پاس دیگر واقعات کے نسبت ہمارے شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کی عیادت کے لیے بھی وقت نہیں ہے۔ نہ اُنہوں نے دہشت گردی سے متاثرہ مدرسے کا دورہ کیا اور نہ ہی انہوں نے اس سانحہ میں شہداء کے ورثاء سے تعزیت کی بلکہ ہسپتال کے دورے میں دوسرے واقعات کے زخمیوں کی تو عیادت کی مگر وہاں موجود ہمارے زخمیوں کی عیادت تک نہیں کی جس سے اس حکومت کے دوہرے معیار کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔
صحافیوں کے مختلف سوالوں کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں حکومت کی تبدیلی سے امن وامان کے حوالے سے کوئی خاص فرق نہیں پڑا کیونکہ جب تک دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اور بے رحم آپریشن نہیں کیاجاتا اور قانون وآئین کے باغی اور انسانیت کے دشمنوں کو جب تک سزاء نہیں دی جاتی تب تک امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنا عبث ہے۔ جبکہ اُن نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کو سزاء دینے کے بجائے اُن سے مذاکرات کی پینگیں بڑھانا کی پالیسیاں سابقہ حکومت کی طرح صرف اپنے اقتدار کو طول دینے کے علاوہ اورکچھ نہیں۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دوہرے معیارکو ترک کرتے ہوئے عدل و انصاف کے تحت صوبہ خیبرپختونخواہ کی عوام کو تحفظ فراہم کرے اور مدرسہ عارف حسین اور امامیہ کالونی کے ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈآپریشن کرکے اُنہوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ بعدازاں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے وفد نے قائدِ شہید علامہ عارف حسین الحسنی کے صاحبزادے سید محمد حسینی سے بھی اُنکی رہائش گاہ پر ملاقات کرکے اُنکے بھتیجے اور قائد شہید کے پوتے سید محمد مہدی حسینی کے شہادت تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی جبکہ سید محمد حسینی کے دو صاحبزادہ کی زخمیوں کی بھی عیادت کی۔ درین اثناء شیعہ علماء کونسل پاکستان کے وفد نے سانحہ پشاور کے دیگر شہداء کے گھروں پر جا کر ورثاء سے بھی تعزیت کی۔
.....
/169